وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ دورہ جاپان پر ساتھ گئے فیملی ممبرز کے اخراجات وزیراعلیٰ مریم نواز نے خود برداشت کیے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کے ساتھ گئے 16 رکنی سرکاری وفد کے اخراجات کا ریکارڈ موجود ہے، جس کا آڈٹ بھی ہوگا۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ تنخواہ نہیں لیتیں، سرکاری گھر بھی استعمال نہیں کرتیں، وہ اپنے خرچے پر فیملی کو کہیں لے کر جائیں تو کیا غلط ہے؟
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے جاپان کے دورے میں 16، 16 گھنٹے کام کیا، دورے سے پاکستان اور پنجاب میں سرمایہ کاری آئے گی۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ بھارت نے اچانک پانی چھوڑا، وزیراعلیٰ نے تمام لوگوں کو گراؤنڈ پر رہنے کا حکم دیا ہے، مختلف اضلاع میں انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج طلب کی ہے، سیلاب سے متاثرہ 14 ہزار سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، یہ قدرتی آفات ہیں، اللّٰہ سے خیر کی امید ہے، تمام ادارے اپنا کام کر رہے ہیں۔