ارجنٹینا کے صدر ہاویئر مائیلی پر انتخابی مہم کے دوران مظاہرین نے پتھراؤ کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق بدھ کو دارالحکومت بیونس آئرس کے قریب صدر پر انتخابی مہم کے دوران بدعنوانی کے اسکینڈل کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین نے پتھراؤ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بگڑتی صورتحال کے بعد صدر ہاویئر مائیلی کو موقع سے روانہ کردیا گیا جبکہ ان کے قافلے پر حملے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ہاویئر مائیلی اکتوبر میں ہونے والے مڈ ٹرم الیکشن کے سلسلے میں انتخابی مہم چلا رہے تھے، اس موقع پر وہ ایک پک اپ ٹرک کے پیچھے گاڑی میں سوار تھے، اسی دوران مظاہرین نے ان کی گاڑی پر پتھر اور بوتلیں پھینکیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تمام صورتحال کے دوران صدر اور ان کی بہن سمیت دیگر اہلکار فوراً ہی گاڑی میں وہاں سے روانہ ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اس صورتحال کے بعد صدر کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی، اس دوران ایک خاتون زخمی ہوئی جسے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔