• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ: اسرائیلی فوج کے متعدد مقامات پر حملے، صبح سے اب تک 8 فلسطینی شہید

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

اسرائیلی فوج کے غزہ پر پُر تشدد حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں صبح سے اب تک 8 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق غزہ کے جنوب میں رفح پر اسرائیلی نیول بوٹس کی جانب سے گولہ باری کی گئی ہے، نصیرات کیمپ پر بھی بھاری توپ خانے سے گولے داغے گئے ہیں۔

اسرئیلی فوج نے الشاطی میں بھی بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر ڈرون حملہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ بھوک کی شدت سے 10 فلسطینی انتقال کر گئے ہیں۔

دوسری جانب اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر منعقدہ اجلاس میں امریکا کے علاوہ تمام ارکان نے غزہ میں جاری قحط کو انسان کا بنایا ہوا بحران قرار دیا ہے۔

اجلاس میں اسرائیل سے فوری جنگ بندی اور بلا رکاوٹ امداد کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں نصف ووٹرز کا ماننا ہے کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے۔

امریکی یونیورسٹی کے سروے کے مطابق 10 میں سے 6 امریکی ووٹرز، اسرائیل کو مزید فوجی امداد بھیجنے کے مخالف ہے۔

اس سروے کے لیے ایک ہزار 220 رجسٹرڈ ووٹر سے رائے لی گئی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید