• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفر کے دوران سوتن کا فون، غم میں نڈھال خاتون بس میں ہی دم توڑ گئی

---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست اتر پردیش میں بس میں سفر کرتی خاتون شوہر کی دوسری شادی کی اطلاع موصول ہونے پر اچانک دم توڑ گئی۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق 25 سالہ ریتا نامی خاتون دہلی میں اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔ 

منگل کے روز ریتا کو اپنے شوہر کے موبائل نمبر سے کال آئی، فون اٹھانے پر دوسری جانب ایک عورت نے ریتا کو بتایا کہ وہ اس کے شوہر کی دوسری بیوی ہے، یہ انکشاف ریتا کے لیے شدید صدمے کا باعث بنا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس کال کے بعد ریتا نے فوراً دہلی سے ہردوئی، اپنے شوہر کے گھر واپس جانے کا فیصلہ کیا اور اپنی والدہ و بھائی کے ساتھ بس میں روانہ ہو گئی۔

دورانِ سفر وہ مسلسل بے چینی اور کُرب میں مبتلا رہی اور والدہ کی گود میں سر رکھ کر روتی رہی، سفر کے دوران اچانک ریتا کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ بیہوش ہو گئی، بعد ازاں اس نے بس میں ہی دم توڑ دیا۔

ریتا کے اہل خانہ کے مطابق ان کی بیٹی کی شادی ڈھائی سال قبل شلیندر نامی شخص سے ہوئی تھی، شادی کے کچھ ہی عرصے بعد وہ ٹی بی میں مبتلا ہو گئی تھی اور علاج کے لیے میکے چلی آئی تھی، صحت یاب ہونے کے بعد وہ دوبارہ سسرال لوٹ گئی تھی تاہم رواں سال مئی میں اپنے والد کے انتقال کے بعد وہ دوبارہ جلال پور گاؤں آ گئی تھی۔

اہلِ خانہ کے مطابق اسی دوران ریتا کے اپنے شوہر سے اختلافات ہوئے اور وہ سسرال جانے کے بجائے والدہ اور بھائی کے ساتھ ہی دہلی ہی میں رہنے لگی۔

دوسری جانب ریتا کے بھائی نے غم کے سبب ہونے والی بہن کی موت پر پولیس کو اطلاع دی ہے اور اس کے شوہر کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

دہلی کی پولیس کے مطابق ریتا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور رپورٹ کی بنیاد پر مزید تفتیش آگے بڑھائی جائے گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید