• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عباسی شہید اسپتال کے ہڑتال کرنیوالے ڈاکٹرز کو شوکاز دے کر فارغ کرنے کا کہا ہے: مرتضیٰ وہاب

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اگر بلیک میل کریں گے تو یہ افسوس ناک ہے، عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز سمجھ رہے ہیں کہ دباؤ میں لا کر تنخواہوں میں اضافہ کروالیں گے، عباسی شہید اسپتال میں جو ڈاکٹر کام نہیں کرے گا، انتظامیہ کو کہا ہے کہ شو کاز دیں اور پھر اِنہیں فارغ کریں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی ملازمین میں الیکٹرک موٹر سائیکلوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں کے ایم سی ملازمین میں 20 موٹر سائیکلیں تقسیم کی جائیں گی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کے دوران مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کسی کو سرکاری نوکری کرنی ہے تو سرکار کا ملازم ہے، سرکاری نوکر کو سرکار کی بات ماننا ہوتی ہے، 70 یا 80 ڈاکٹرز کے کہنے پر ان کی تنخواہ بڑھا دوں؟ اگر ڈاکٹرز یہ سمجھتے ہیں کہ بائیکاٹ کر کے تنخواہیں بڑھا لیں گے تو یہ روش ٹھیک نہیں، انتظامیہ سے کہا ہے کسی کی جائز تنخواہ نہیں رکنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کو تنخواہ کم لگ رہی ہے تو آپ ملازمت چھوڑ دیں، مشکل سے عباسی شہید اسپتال کو پیروں پر کھڑا کیا ہے، کام کرنا ہے کرو یہ تنخواہ بڑھانے کے لیے بلیک میل نہ کرو، انتظامیہ کو کہا ہے کہ کسی کی جائز تنخواہ نہیں رکنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ نے بتایا عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز تنخواہوں میں اضافہ چاہتے ہیں، ہڑتال کرنا حل نہیں، تنخواہ کم ہیں تو کام نہ کریں، اگر کوئی دوسرا مسئلہ ہے تو میرے پاس آئیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اخراجات کو کم کرنے کے لیے یہ کام کر رہے ہیں، کے ایم سی پاکستان کی واحد کاؤنسل ہے جو سولر انرجی سے چل رہی ہے، آہستہ آہستہ کے ایم سی کی بائیکس کو پیٹرول سے بجلی پر منتقل کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنک بائیکس خواتین افسران کو دیں گے، اب کوئی بھی پیٹرول بائیک کے ایم سی میں نہیں خریدی جائے گی، چاہوں گا کہ وفاق آسان اقساط پر غریبوں کے لیے کوئی اسکیم لائیں، کراچی کی تین بڑی شاہراہوں پراسٹریٹ لائٹس کو سولر پرمنتقل کر رہے ہیں، 30 ستمبر تک یہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ملیر میں پمپس کو سولر پر منتقل کیا گیا ہے، ہمارا ٹارگٹ ہے 14 میں سے5 اسپتال سولر انرجی پر منتقل کرسکیں۔

ان کا میڈیا سے گفتگو کے دوران مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کے ساتھ دلی ہمدردی ہے، دریائے راوی کے بیچ میں سوسائٹی بنارہے تھے، اس پر بات نہیں کی جاتی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ  سندھ میں اس وقت صورتحال بہتر ہے، سندھ حکومت نے ہر ممکن انتظامات کیے ہوئے ہیں، حکومتی مشینری وزیر اعلی نے احکامات جاری کر دیے ہیں،  تمام اراکین اور وزراء کی بھی ڈیوٹیاں سندھ میں لگادی گئی ہیں، ہم نے بھی انتظامات بارش کے حوالے سے کیے ہوئے ہیں، نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کلیئر کئے ہوئے ہیں، میونسپل سروسز کا بارشوں میں جہاں کردار ہے وہیں سٹی وارڈن کا بھی ہے۔

 مرتضی وہاب نے یہ بھی کہا کہ ٹریفک پولیس اور سٹی وارڈن بارشوں میں سڑکوں پر موجود ہوں گے،  لوگوں کی سہولت کے لیے اہم شاہراہوں پر کیمپس بھی لگائیں گے، عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ بارش میں غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہ فیصل سے ہٹائے جانے والے درخت برنس گارڈن میں موجود ہیں، ہم سب درخت دوست لوگ ہیں اور ہمیں درخت اچھے لگتے ہیں۔

میئر کراچی نے کہا ہے کہ کریم آباد انڈر پاس سے پانی نکل چکا ہے، کوشش ہے کہ کریم آباد انڈرپاس 30 ستمبر کو افتتاح کر دیں، 30ستمبر کی تاریخ تو ہے مگر 10، 12 دن مزید ہوسکتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید