• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاس اینجلس کی پولیس کی فائرنگ سے خنجر لہراتا سکھ ہلاک

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں پولیس نے ایک 36 سالہ سکھ شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا، ہلاک ہونے والے کی شناخت گرپریت سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 13 جولائی کو لاس اینجلس کے مصروف ترین علاقے کرپٹو ڈاٹ کام ایرینا کے قریب پیش آیا تھا جہاں سکھ شخص اپنا روایتی سِکھ مارشل آرٹ ’گَٹکا‘ کے انداز میں سڑک پر تلوار لہرا رہا تھا۔

لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ (ایل اے پی ڈی) نے اس واقعے سے متعلق بتایا ہے کہ گُرپریت سنگھ نے اپنی گاڑی سڑک کے بیچوں بیچ کھڑی کی اور ایک بڑی دو دھاری تلوار (جسے کھنڈا کہا جاتا ہے) سے لوگوں کو ڈرانے کی کوشش کی۔

عینی شاہدین کی 911 پر کالز کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور گرپریت سنگھ کو بار بار ہتھیار پھینکنے کے احکامات دیے مگر اس نے پولیس کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔

لاس اینجلس کی پولیس کے مطابق گرپریت سنگھ نے پہلے پولیس افسران کی جانب بوتل پھینکی اور پھر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، جب پولیس نے اس کا تعاقب کیا تو سکھ شخص نے گاڑی لاپرواہی سے چلائی اور ایک پولیس گاڑی سے ٹکرایا بھی، جب پولیس اس کے قریب پہنچی تو اس نے تلوار کے ساتھ ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس پر افسران نے گولیاں چلائیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گرپریت سنگھ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ 

پولیس نے جائے وقوعہ سے دو فٹ لمبا ’کھنڈا‘ (دو دھاری تلوار) برآمد کر کے ثبوت کے طور پر محفوظ کر لیا ہے، اس واقعے میں کوئی پولیس اہلکار یا عام شہری زخمی نہیں ہوا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید