معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی نے جوا ایپس کیس میں جسمانی ریمانڈ میں توسیع کو چیلنج کردیا۔
ڈکی بھائی نے لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی، یہ اپیل ہفتے کو وکیل کے ذریعے سیشن کورٹ میں جمع کرائی گئی۔
عدالت نے اپیل کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کو نوٹس جاری کردیا اور پیر تک جواب طلب کرلیا۔
ڈکی بھائی نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ مجسٹریٹ نے حقائق کا درست جائزہ لیے بغیر ریمانڈ میں توسیع کی منظوری دی، لہٰذا عدالت اس حکم کو کالعدم قرار دے۔
دوسری جانب عدالت نے ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت میں بھی 15 ستمبر تک توسیع کردی اور این سی سی آئی اے کو حکم دیا کہ اس دوران انہیں گرفتار نہ کیا جائے، عدالت نے ایجنسی کو اگلی سماعت پر تفصیلی تفتیشی رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔
ادھر این سی سی آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مشہور یوٹیوبرز اور انفلوئنسرز کو غیرقانونی آن لائن ٹریڈنگ اور جوا ایپس کی تشہیر کے الزام میں طلب کرلیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایجنسی نے مدثر حسن، محمد انس علی، اقرا کنول اور محمد حسنین شاہ کو 2 ستمبر 2025ء کو لاہور دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
تحقیقات کاروں کا کہنا ہے کہ ان انفلوئنسرز نے غیرقانونی آن لائن بیٹنگ پلیٹ فارمز کو فروغ دیا اور نوجوانوں کو راغب کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر ان ایپس کو پرکشش انداز میں پیش کیا اور عوام کو دھوکا دیا۔