• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ سیلاب کو ماہرین نے سُپر فلڈ قرار دیا، اگلے 24 سے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں: عظمیٰ بخاری

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ موجودہ سیلاب کو ماہرین نے سُپر فلڈ قرار دیا، اگلے 24 سے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے سے غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی، دریائے راوی، چناب اور ستلج میں ایک ہی وقت میں سیلاب آیا، ساہیوال، ملتان، جھنگ سمیت دیگر علاقے ہائی الرٹ پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، بھارت نے دریائے ستلج میں ایک اور سیلابی ریلا چھوڑا ہے، تھرمل ٹیکنالوجی اور ڈرونز کے ذریعے ہزاروں لوگوں کو ریسکیو کیا گیا، بارشوں اور سیلاب سے 510 شاہراہیں اور 64 پل متاثر ہوئے، 50 سے زائد شاہراہوں اور 40 پلوں کو بحال کر دیا گیا ہے، بروقت انتظامات کی وجہ سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی تک انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی، جن علاقوں سے پانی اتر گیا ہے وہاں نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایات کر دی ہیں، موبائل ٹوائلٹس کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈیمز پر سیاست کو ختم کر کے ہم سب کو ایک ٹیبل پر بیٹھ پر اپنے لوگوں کو بچانا ہوگا، یہ وقت سیاست کا نہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بہت سارے مویشی سیلاب میں بہہ کر دوسرے مقامات پر پہنچ جاتے ہیں، انسانوں کے ساتھ ساتھ مویشیوں کو بھی بچایا جا رہا ہے، مویشیوں کی مالکان کو حوالگی کے لیے لوسٹ اینڈ فائنڈ ڈپارٹمنٹ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل روڈا کے سی ای او نے کہا کہ کوئی بھی غیر قانونی این او سی دیا ہے نہ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں، فرخ آباد اور شاہدرہ کی آبادی قیام پاکستان سے پہلے سے آباد ہے، اس آبادی کا کوئی بھی ریکارڈ کسی جگہ نہیں لیکن لوگوں برسوں سے یہاں بسے ہیں۔

 عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فضول باتوں کے جواب دینے کا وقت نہیں، دو ٹوک کہہ سکتی ہوں کہ ہمارے دور میں کوئی این او سی کسی بھی غیر قانونی طور پر آباد سوسائٹی کو نہیں دیا گیا، پورے پنجاب میں ڈپٹی کمشنر کو کہا ہے کہ تیاری کر کے لائیں کہ ریور بیڈ پر کون کون سی آبادیاں قانونی ہیں، کون سی غیرقانونی ہیں، قانونی آبادیوں کا کیا اسٹیٹس ہے، پنجاب حکومت ماسٹر پلان کے تحت کام کریں گی۔

قومی خبریں سے مزید