معروف ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے انکشاف کیا ہے کہ اِنہیں ایک ایسے شخص نے اِغواء کرنے کی کوشش کی ہے جسے اُنہوں نے شادی کے لیے انکار کر دیا تھا۔
انٹرنیٹ پرسنیلٹی سامعہ حجاب اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپلوڈ کیے گئے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں نہیں چاہتی کہ میرے ساتھ بھی وہی حادثہ ہو جو مشہور ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے ساتھ پیش آیا تھا۔
سامعہ حجاب نے اپنی ویڈیو کے ساتھ گھر کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج کو بطور ثبوت شیئر کیا، ویڈیو میں ایک شخص کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ٹک ٹاکر نے اس شخص کا اور اس کے شہر کا نام بتایا ہے۔
سامعہ کا کہنا ہے کہ میں نے اسے شادی کے لیے انکار کر دیا تھا، اب یہ مجھے گزشتہ دو سے تین ماہ سے قتل کی دھمکیاں دے رہا ہے اور آج شام یہ میرے گھر آ گیا، میرا موبائل فون چھینا اور مجھے اغواء کرنے کی کوشش بھی کی۔
ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ اس سے قبل میری دوست ثناء انکار پر ہی قتل کی جا چکی ہے، میں ثناء نہیں بننا چاہتی، میں اُن لڑکیوں میں شمار نہیں ہونا چاہتی جنہیں شادی کے انکار پر قتل کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے پولیس سے رابطہ کیا ہے، مجھے بہت اچھا رسپانس ملا ہے، اگر میں مرتی ہوں تو میرے مرنے کی وجہ یہ لڑکا ہوگا۔
سامعہ حجاب نے مزید بتایا کہ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کی رضامندی اور انکار کی کوئی اہمیت نہیں سمجھی جاتی۔
سامعہ حجاب کے مطابق خواتین کو اپنی مرضی کے مطابق فیصلے کرنے کا حق ملنا چاہیے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اِنہیں آئے روز تشدد اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے سامعہ کی کہانی پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے جرائم کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے تاکہ خواتین کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔