کابل(اے ایف پی) افغانستان میں تباہ کن زلزلہ، 800سے زائد جاں بحق، درجنوں دیہات ملبے کا ڈھیربن گئے۔ پانچ صوبے شدید متاثر، کنڑ میں سب سے زیادہ تباہی،800افراد لقمہ اجل، 2,500زخمی، 12اموات ننگرہار میں ہوئیں۔ 6شدت کے طاقتور زلزلے نے گھروں کو سوتے ہوئے خاندانوں پر گرا دیا، جھٹکے کابل سے لیکر اسلام آباد تک محسوس کیے گئے۔ ہزاروں افراد زخمی ہیں اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ،دیہات سڑکوں کی بندش سے ناقابلِ رسائی ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیاں سست روی کا شکار ہیں۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام کیساتھ کھڑے ہیں۔افغانستان کے ایک دور افتادہ اور پہاڑی علاقے میں پیر کو بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری تھیں، جب ایک شدید زلزلے نے گھروں کو سوتے ہوئے خاندانوں پر گرا دیا۔ اس آفت میں کم ازکم 812 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، طالبان حکام نے بتایا۔6.0 شدت کا زلزلہ رات گئے آیا جس نے کابل سے لے کر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد تک عمارتوں کو ہلا دیا۔