• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسانیت کو آج جنگ یا امن میں سے ایک کو چننا ہے، صدر شی جن پنگ

اسکرین گریب
اسکرین گریب

جنگ عظیم دوم میں جاپان پر چین کی فتح کی یادگاری تقریب سے خطاب میں چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ انسانیت کو آج جنگ یا امن میں سے ایک کو چُننا ہے۔

دوسری جنگ عظیم کی فتح کی 80 ویں سالگرہ کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت 26 عالمی رہنما شریک تھے۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ چینی عوام امن کے لیے پُر عزم ہیں، چین کے عوام تاریخ کے درست رخ پر کھڑے ہیں، ان کی ترقی اور خوشحالی کو نہیں روکا جاسکتا۔

چینی صدر نے اقوام سے تاریخی سانحات کو دوبارہ ہونے سے روکنے کی اپیل بھی کی۔ 

انہوں نے کہا کہ ایسا عالمی نظام چاہتے ہیں جو انصاف اور مساوات پر مبنی ہو، ہم جتنے بھی مضبوط ہوجائیں کبھی توسیع پسندانہ راستہ اختیار نہیں کریں گے۔ 

تیانمن اسکوائر پر تاریخی پریڈ میں روس کے صدر ولادیمر پیوٹن، شمالی کوریا کے رہنما، ایران کے صدر مسعود پزشکیان سمیت مختلف ممالک کے نمائندے بھی موجود تھے۔

پریڈ میں ہائپرسونک میزائل، ایٹمی ہتھیاروں سمیت جدید ترین چینی فوجی ٹیکنالوجی کی نمائش کی گئی۔ 

چینی صدر کا پیوٹن اور کم جونگ کی میزبانی کرنا کوئی چیلنج نہیں، ٹرمپ

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے چینی ہم منصب کیلئے طنز سے بھرپور پیغام میں کہا ہے کہ چین کے صدر کا پیوٹن اور کم جونگ اُن کی میزبانی کرنا کوئی چیلنج نہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا کیخلاف سازش کرتے ہوئے پیوٹن اور کم جونگ کو میری نیک خواہشات دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی صدر بیرونی حملہ آوروں کو شکست دینے میں امریکی مدد کا اعتراف کریں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید