• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میسی کے انٹرنیشنل کیریئر کا اختتام قریب، 4 ستمبر کو آخری ہوم میچ ہونے کا امکان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ارجنٹینا کے لیجنڈری فٹبالر لیونل میسی کے انٹرنیشنل کیریئر کا اختتام قریب ہے، 4 ستمبر کو آخری ہوم میچ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، ارجنٹینا کے فٹ بال مینجر لیونل اسكالونی نے بھی اشارہ دے دیا۔

دنیا کے عظیم فٹبالر لیونل میسی  کے انٹرنیشنل کیریئر کے اختتام کا خیال آج بھی شائقینِ فٹبال، خاص طور پر ارجنٹینا کے مداحوں کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 4 ستمبر کو ارجنٹینا اور وینیزویلا کے درمیان ہونے والا میچ ممکنہ طور پر میسی کا اپنے ملک میں آخری ورلڈکپ کوالیفائنگ میچ ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ 2026ء ورلڈکپ کے کوالیفائرز کا آخری ہوم میچ ہے۔

شائقین کی بڑی تعداد کا ماننا ہے کہ یہ شاید وہ آخری بڑا ٹورنامنٹ ہو گا جس میں میسی اپنی قومی ٹیم کے لیے کھیلیں گے، اس کے بعد وہ انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر سکتے ہیں۔

ارجنٹینا کے فٹ بال مینجر لیونل اسكالونی نے بھی ایک انٹرویو میں اشارہ دیا ہے کہ میسی کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ قریب ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان نہیں ہوا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ جب تک وہ ہمارے ساتھ ہیں، ہمیں ان سے لطف اندوز ہونا چاہیے، جو ہونا ہے وہ ہوگا۔

اسكالونی نے مزید کہا کہ میسی نے اپنی زندگی میں وہ سب کچھ حاصل کیا ہے جس کے بعد انہیں حق ہے کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ کب کھیل چھوڑنا ہے، یہ فیصلہ آسان نہیں ہوتا، جیسے میرے لیے کھیل چھوڑنا آسان نہیں تھا، ہمیں انہیں آزادی دینی ہوگی، کیونکہ یہ ان کا حق ہے۔

میسی نے خود بھی ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ وینیزویلا کے خلاف میچ ان کے لیے بہت خاص ہوگا، کیونکہ یہ ممکنہ طور پر ورلڈ کپ کوالیفائرز کا ان کا آخری ہوم میچ ہو سکتا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید