یورپی یونین نے حالیہ سیلاب سے پیدا ہونے والے بحران کے دوران پاکستان کے لیے ہنگامی امداد کے طور پر تقریباََ 35 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔
یورپی یونین کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ تباہ کن سیلاب نے سیکڑوں جانیں لے لی ہیں جبکہ کئی افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے یورپی یونین نے تقریباََ 35 کروڑ روپے کی ہنگامی امداد مختص کی ہے۔
یورپی یونین نے مزید کہا ہے کہ یہ امداد قابلِ اعتماد شراکت دار تنظیموں کے ذریعے متاثرہ خاندانوں تک پہنچائی جائے گی۔ امداد میں طبی امداد، پانی، صفائی اور بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حفظانِ صحت کی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔
بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ سیلاب سے زیادہ متاثرہ افراد کو ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے نقد امداد بھی فراہم کی جائے گی۔