اگر آپ کوہ پیما ہیں اور بلند و بالا پہاڑوں کو سر کرنے کا شوق رکھتے ہیں تو اب اپنے لیے ایک ساتھی کا انتظام بھی کرلیں۔
نیپالی حکومت کی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ سمیت تمام 8 ہزار میٹر سے بلند پہاڑوں کو اکیلے سر کرنے پر عائد پابندی نافذ العمل ہوگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 ہزار میٹر سے بلند تمام چوٹیوں پر اکیلے مہمات اور پیدل سفر کرنے سے متعلق نیا ضابطہ باضبطہ طور پر یکم ستمبر سے نافذ العمل ہو گیا ہے۔
نیپالی حکومت نے کوہ پیمائی کے ضابطے میں رواں سال کے آغاز میں چند تبدیلیاں کی تھی۔ اس چھٹی ترمیم کے تحت 8 ہزار میٹر سے زائد بلند چوٹیوں پر چڑھائی کے لیے ضروری ہے کہ کوہ پیمائی ٹیم کم از کم 2 ارکان پر مشتمل ہو اور ان کے ساتھ ایک گائیڈ کا ہونا ضروری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال کے آغاز میں اختیار کی گئی تبدیلیوں کے بعد غیر ملکی کوہ پیماؤں کے لیے رائلٹی فیس میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا کی 10 بلند ترین چوٹیوں میں سے 8 نیپال میں ہیں، جس میں ماؤنٹ ایورسٹ بھی شامل ہے۔ اس لیے کوہ پیمائی میں دلچسپی رکھنے والے افراد نیپال کا رُخ کرتے ہیں۔