کراچی (خالد محبوب ۔۔اسٹاف رپورٹر) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا 1500واں جشن میلادالنبیؐ12ربیع الاول ہفتہ کو شایان شان طور پر انتہائی عقیدت واحترام اور مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایاجائے گا ،جشن صبح بہاراں کا آغاز مساجد میں نمازفجرکے بعد بارگاہ رسالتؐ میں ہدیہ درود و سلام، اجتماعی دعاؤں سے ہوگا، جماعت اہلسنّت کراچی کے تحت مرکزی جلوس 3؍بجے سہ پہر علامہ سید شاہ عبدا لحق قادری دیگر علماء ومشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہو گا جوبراستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا ، جماعت اہلسنّت کراچی کے زیراہتمام عظیم الشان جلسہ ٹھیک 5؍بجے شام نشتر پارک میں علامہ شاہ عبد الحق قادری کی زیر صدارت منعقد ہوگا ، جید علمائے کرام خطاب وقرار دادیں پیش کرینگے ،نما ز عصر اور مغرب نشتر پا رک میں ہی اداکی جائے گی، مرکزی جلوس اور جلسہ کے انتظامات کو جما عت اہلسنّت کراچی کے ایک ہزاررضا کا ر اور اسکاؤٹس انجام دینگے، جما عت اہلسنّت اور دیگرسنّی تنظیمات ومیلاد انجمنو ں کی جانب سے ایم اے جناح روڈ اور شہرکے مرکزی مقامات پربھی کیمپ قائم کئے جائیں گے، سنی تحریک ،تحریک لبیک ،سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کے تحت بھی جلوس بھی برآمد ہوں گے، جشن ولادتِ مصطفیؐ کی مناسبت سے رات گئے مساجد میں محافل نعت، میلاد شریف، قصیدہ بردہ شریف،ختم درود پاک کی محافل کا انعقاد کیا گیامحفل صبح بہاراں کا مرکزی اجتماع ہفتے کی شب میمن مسجد مصلح الدین گارڈن جوڑیابازار میں ہو گا۔