کراچی (جنگ نیوز) پندرہ سو سالہ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پرنور ولادت کی خوشی میں ملک بھر میں روح پرور محافل اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا، جبکہ پاکستان کے سب سے مقبول چینل ”جیو ٹی وی“ نے بھی حسبِ روایت خصوصی نشریات کا اہتمام کیا۔ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب رات 11بج کر 30منٹ پر شروع ہونے والی اس نشریات میں ملک کے معروف نعت خواں حضرات نے آقائے دو جہاں ﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ اس موقع پر فضا ایمان سے لبریز ہوگئی اور لاکھوں ناظرین ٹی وی اسکرینوں کے ذریعے عشق و عقیدت کے اس سفر میں شریک رہے۔ نشریات میں ممتاز عالم دین علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی، سید مظفر حسین شاہ نے اپنی تقاریر میں نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ، سیرتِ مبارکہ اور آپ ﷺ کے اخلاقِ حسنہ پر روشنی ڈالی اور امت مسلمہ کو آپ ﷺ کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ اس نشریات میں علمائے کرام کے ساتھ مشائخ عظام اور ثنا خواں بھی شریک ہوئے جنہوں نے بارگاہ مصطفی ﷺ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ اِن میں حافظ طاہر قادری، عمران شیخ عطاری اور دیگر شامل تھے۔ ”جیو“ کی خصوصی نشریات ہفتے کو بھی جاری رہیں گی۔ اس کے علاوہ 12ربیع الاوال کی مناسبت سے خصوصی پروگرام بھی اس نشریات میں دکھائے جائیں گے جن میں ”جیو عشقِ مصطفی ﷺ، قصص الانبیا، معجزاتِ نبوی ﷺ اور ایسے ہی دیگر ایمان افروز نشریات میں شامل جن کے ذریعے ناظرین کو آقائے کائنات ﷺ کی سیرتِ مبارکہ سے آگاہ کیا جائے گا۔