• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ جاپان پاکستان کیلئے معاشی امکانات کا نیا دروازہ ہے، سید فیروز عالم شاہ

بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان کے مشیر سید فیروز عالم شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا اکتوبر کے پہلے ہفتے میں متوقع دورہ جاپان پاکستان اور جاپان کے معاشی تعلقات پر گہرے اثرات مرتب کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ جاپان دنیا کی تیسری بڑی معیشت ہے اور پاکستان کیلئے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید وسعت دے اور ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائے۔

سید فیروز عالم شاہ کا کہنا تھا کہ جاپان کی ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی پاکستان کے لیے بہترین مواقع فراہم کرسکتی ہے۔ اگر پاکستان جاپانی سرمایہ کاری کو اپنی معیشت میں جذب کرے تو خاص طور پر ٹیکنالوجی، انرجی، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے شعبے تیزی سے ترقی کر سکتے ہیں۔ اس سرمایہ کاری کے نتیجے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، برآمدات میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کی معیشت عالمی مارکیٹ میں زیادہ مضبوط حیثیت اختیار کر سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے اس اہم دورے میں توقع ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات پر مبنی معاہدے طے پائیں گے، جس سے نہ صرف سرمایہ کاری بڑھے گی بلکہ پاکستان جاپان کے ساتھ معاشی تعاون کی نئی راہیں بھی کھول سکے گا۔

سید فیروز عالم شاہ نے زور دیا کہ پاکستان کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

خاص رپورٹ سے مزید