کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کوئٹہ زون کے آرگنائزر عبدالوکیل مینگل نے بی این پی کے جلسہ کے بعد ہونے والے خودکش حملے کی مذمت اور آج کے پہیہ جام اور شٹر ڈاون ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو سیاست سے دور رکھنے کیلئے انتشار کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے ، پارٹی سربراہ میر اسد اللہ بلوچ کے گھر پر چھاپہ ، چادر و چار دیواری کی پامالی چار گھنٹے تک ذہنی ٹارچر کرنے جیسے ہتھکنڈوں کے خلاف آئینی و قانونی جدوجہد سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر بی این پی (عوامی) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نور احمد بلوچ ، عبدالباقی بلوچ ، بہادر خان ، کامریڈ رحمت اللہ ، ایوب بادینی ، سنگت الہی بخش ، فاروق ناشناس سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 9 جولائی کو راجی راہشون واجہ میر اسد اللہ بلوچ کے گھر پر چھاپہ مار کر چادر اور چار دیواری کی پامالی اور انہیں چار گھنٹے تک سی ٹی ڈی سینٹر میں ذہنی ٹارچ کرنا انتقامی کارروائی ہے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے پارٹی سربراہ، رہنما اور ورکر کسی صورت مرعوب نہیں ہوں گے، عوام کے حقوق کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کریں گے بے بنیاد مقدمات کے ذریعے حقوق کے حصول سے ہمارا راستہ نہیں روکا جاسکتا ۔ انہوں نے 2 ستمبر کو بی این پی کے جلسے میں ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ بلوچستان کے عوام کو سیاست سے دور رکھنے سازش ہے ۔ دکھ کی اس گھڑی میں بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں جگہ اور زخمیوں کو جلد صحت عطاء فرمائے