• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قطری حکام کو اسرائیلی حملے کی پیشگی اطلاع دینے کا امریکی دعویٰ، قطر کی تردید

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ ۔ فوٹو اسکرین گریب
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ ۔ فوٹو اسکرین گریب

امریکا کی جانب سے قطری حکام کو آج دوحہ میں ہوئے اسرائیلی حملے کی پیشگی اطلاع دینے کا دعویٰ کیا گیا ہے تاہم قطر کی جانب سے اس کی تردید کی گئی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کو قطر کو اسرائیل حملے سے آگاہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خیال ہے کہ قطر میں حماس کے ٹھکانوں پر اسرائیل کا حملہ بدقسمتی پر مبنی تھا اور انہوں نے اپنے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کو ہدایت کی تھی کہ وہ قطر کو حملے کے بارے میں خبردار کر دیں۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری نے رپورٹرز کو بتایا کہ حملوں کے بعد ٹرمپ نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو اور قطر کے امیر دونوں سے بات کی، انہوں نے قطری رہنما کو یقین دلایا کہ ان کی سرزمین پر ایسا دوبارہ نہیں ہو گا۔

دوسری جانب قطر کا کہنا ہے کہ امریکی وارننگ اسرائیلی حملے شروع ہونے کے بعد آئی۔

اے ایف پی کے مطابق قطر نے آج دوحہ میں اسرائیلی حملوں کے بارے میں امریکاکی جانب سے پیشگی وارننگ ملنے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اطلاع حملے شروع ہونے کے بعد ملی۔

قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں لکھا ہے کہ قطر کو حملے سے پیشگی اطلاع ملنے کے بارے میں گردش کرنے والے بیانات غلط ہیں، ایک امریکی اہلکار کی طرف سے موصول ہونے والی کال اس وقت آئی جب دوحہ میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید