اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملک میں حالیہ سیلاب اور بارشوں کے نتیجے میں اب تک 900 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں‘ آئندہ مون سون کے پیش نظر ابھی سے تیاریاں شروع کرنا ہوں گی جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کاکہنا ہےکہ پنجاب میں 24 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے‘16 سے 18ستمبر کے دوران وسطی پنجاب اور آزاد کشمیر میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ مصدق ملک نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے سیالکوٹ اور نارووال میں شدید تباہی ہوئی ہے جبکہ سندھ میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو سے تین روز تک مون سون بارشیں جاری رہیں گی۔ ہیڈ پنجند اور گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ تیز ہے جس کے باعث کئی علاقوں میں مال مویشی اور فصلیں شدید متاثر ہوئی ہیں تاہم ستلج، راوی اور چناب کے قریب صورت حال اس وقت کنٹرول میں ہے اور ملک بھر میں ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ پنجاب میں 24 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ سندھ میں بھی ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو محفوظ مقام پر پہنچایا گیا ہے‘پانی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے کچھ علاقوں میں بند توڑنے پڑے جس سے مزید نقصان کو روکا گیا۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب حکومت کو راشن پیکج سمیت 9 ہزار ٹینٹ فراہم کیے گئے ہیں اور مجموعی طور پر 9 ہزار ٹن سے زیادہ راشن بھی پہنچایا گیا ہے۔