کراچی( اسٹاف رپورٹر )گلستان جوہر بٹھائی آباد میں لرزہ خیز واردات میں دو سگی بہنوں اور بھابھی کو چھری کے وار سے قتل کر دیا گیا،واقعہ میں بچی ،خاتون اور ملزم بھی زخمی ہوا، پولیس نے تشویشناک حالت میں ملزم کو حراست میں لیکر آلہ قتل برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ملیر کینٹ تھانے کی حدود گلستان جوہر بھٹائی آباد میں واقع گھر کی پہلی منزل پر قتل کی لرزہ خیز واردات میں چھریوں کے وار سے تین خواتین کو قتل کر دیا گیا جبکہ واقعہ میں ایک بچی ، پڑوسی خاتون اور ایک مرد بھی زخمی ہوا۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اداروں کے رضاکار موقع پر پہنچے اور واقعہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت مینا زوجہ شان ، عاشی دختر راجو اور تانیہ دختر راجو کے ناموں سے ہوئی جبکہ زخمی ہونے والوں میں 14 سالہ بچی نندنی دختر راجو ،30 سالہ پریا زوجہ وجے اور 30 سالہ مرد اجے رام شامل ہیں۔ایس ایچ او آغا رشید کے مطابق جاں بحق ہونے والی تانیہ اور عاشی سگی بہنیں جبکہ مینا ان کی بھابھی ہے ،زخمی ہونے والی بچی نندنی جاں بحق ہونے والی بہنوں کی چھوٹی بہن ہے ،زخمی خاتون ان کی پڑوسی جبکہ زخمی مرد بچیوں کا ماموں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماموں اجے نے چھری کے وار سے مینا، عاشی اور تانیہ کی جان لے لی۔ واقعہ میں پڑوسی خاتون پریا اور بچی نندنی بھی زخمی ہوئی جس نے قتل کی واردت سے پردہ چاک کردیا۔ ملزم اجے رام نے واقعہ کے بعد خودکشی کی کوشش بھی کی جس کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے آلہ قتل چھری برآمد کر لی گئی ہے۔واقعہ کے وقت خاتون مینا کا شوہر گھر پر موجود نہیں تھا ،گھر پہنچنے کے بعد اسے گہرا صدمہ پہنچا ہے اور وہ کوئی بیان دینے سے قاصر ہے۔ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیر زادہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ واقعہ میں اہم شواہد ملے ہیں اور اجے رام جو کہ بچیوں کا ماموں ہے واقعہ میں ملوث ہے جبکہ قتل کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔ملزم نے اپنی دو بھانجیوں اور بھانجے کی بیوی کو قتل جبکہ ایک بھانجی اور پڑوسی خاتون کو زخمی کیا۔ملزم نے بعد ازاں چھری کی مدد سے خود بھی خودکشی کرنے کی کوشش کی جس سے وہ شدید زخمی ہوا ہے۔پولیس نے ملزم اجے رام کو تشویشناک حالت میں حراست میں لیکر حراست میں لے لیا جبکہ مقتولین کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور زخمی افراد کو طبی امداد دی جارہی ہے۔۔ زخمی بچی نے بتایا کہ ماموں نے سب کو مارا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اجے اس وقت تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔