• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹمبر مافیا کا تعلق کسی سے بھی ہو کارروائی کی جانی چاہئے، عامر ڈوگر

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے چیف وہپ تحریک انصاف قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ آبی گزر گاہوں کے پاس تعمیرات کو صاف کیا جائے اور اسی طرح جو پہاڑوں پر ٹمبر مافیا ہے اس کو روکنا ہوگا اور اس کے لیے سب کو اکٹھا ہونا ہوگا اور کسی بھی مافیا کا تعلق جس سے بھی ہو کارروائی کی جانی چاہئے۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل نے اس پر کہا کہ جب آپ جتھوں کی صورت میں ملٹری اسٹیبلشمنٹ اور یادگارِ شہدا پر حملے کریں گے تو مقدمات ہزاروں میں ہی بنیں گے۔میزبان حامد میر نے کہا کہ حکومت نے ملک میں موسمیاتی اور زرعی ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ اگر واقعی ملک میں ایمرجنسی کی صورتحال ہے تو پھر ضروری ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں ۔ عامر ڈوگر نے کہا کہ 9 مئی کے بعد سے اب تک تحریک انصاف پر مجموعی طور پر تقریباً دس ہزار مقدمات درج ہو چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ پنجاب میں ہیں۔ صرف عمران خان پر ساڑھے تین سو مقدمات قائم ہیں اور ظاہر ہے وکیل کوئی جِن نہیں ہیں۔میزبان حامد میر نے ڈاکٹر طارق فضل کو یاد دلایا کہ شاہد خٹک کی عمران خان سے ملاقات کا وعدہ انہوں نے اگست میں اسی پروگرام میں کیا تھا لیکن وہ پورا نہیں ہوا۔ اس پر ڈاکٹر طارق فضل نے کہا کہ وعدہ پورا ہوا ہے اگلے ہی دن بیرسٹر گوہر اور ان کی ٹیم کی ملاقات ہوئی تھی البتہ یہ پارٹی کا فیصلہ ہوتا ہے کہ ملاقات بیرسٹر گوہر کی کروانی ہے یا شاہد خٹک کی۔
اہم خبریں سے مزید