کٹھمنڈو( نیوز ڈیسک)نیپال میں سیاستدانوں کے بچوں کی پُر تعیش زندگی عوامی غصہ، پُرتشدد ہنگاموں اور احتجاجی تحریک بنیادی وجہ بنی ۔ نوجوان نسل خصوصاً ’’جنریشن زی‘‘ بڑھتی بے روزگاری، مہنگائی اور غربت کے باوجود سیاست دانوں کے بچوں یعنی نیپو کڈز کے پاس مہنگی کاریں اور ان کی پُر تعیش زندگی دیکھ کر اشتعال میں آئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حالیہ احتجاج میں سوشل میڈیا پر شرنکھلا کھتیواڑا (سابق مس نیپال، سابق وزیرِ صحت بیروُدھ کھتیواڑا کی بیٹی) کو ’’اشرافیہ کی علامت‘‘ کے طور پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، ان کے گھر کو آگ لگا دی گئی ۔شیوانا شریستھا (گلوکارہ اور سابق وزیراعظم شير بہادر دیوبا کی بہو) اور ان کے شوہر جیویر سنگھ دیوبا کو بھی سیاسی دولت کے شاہانہ نمونوں کے طور پر نشانہ بنایا گیا۔سمیتا دحل (سابق وزیراعظم پشپ کمل دحل ’’پراچنڈا‘‘ کی نواسی) کو لاکھوں روپے کے برانڈڈ بیگز دکھانے پر عوامی غصے کا سامنا کرنا پڑا۔