اسلام آباد (اسرار خان) پراجیکٹ خامیاں اور ٹیرف میں مطالبہ، نیپرا کی واپڈا پر سخت باز پرس، قرضوں اور تنخواہوں میں اضافے کے باعث واپڈا کا مالی سال 2025-26 کیلئے 364 ارب روپے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بجلی کے نگران ادارے نے جمعرات کے روز پانی و بجلی کی ترقیاتی اتھارٹی (واپڈا) کی مکمل شدہ ہائیڈرو پاور منصوبوں پر کارکردگی پر سوال اٹھایا، جبکہ واپڈا نے مالی سال 2025-26 کے لیے اپنے بنیادی ٹیرف میں 89.4 فیصد اضافے کی درخواست کی ہے، جو 2022-23 میں مقرر کردہ 6.102 روپے فی یونٹ سے بڑھا کر 11.55 روپے فی یونٹ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ادارہ 364 ارب روپے کا مطالبہ کر رہا ہے تاکہ بڑھتے ہوئے قرضوں کی ادائیگی، اثاثوں کی قدر میں کمی (ڈیپریسی ایشن)، اور عملے کے اخراجات کو پورا کیا جا سکے۔