اسلام آباد (صالح ظافر)’’مئی 2025 کے پاک-بھارت بحران پر مغربی تجزیوں پر تبصرہ‘‘ پیپر کی رونمائی، نامور سفارتکار کی دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے بیانیے کو ’’نوآبادیاتی اثرات‘‘ سے پاک کرنے پر زور۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر اسماء شاکر خواجہ، جو سنٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹیجک اسٹڈیز آزاد جموں و کشمیر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں، نے دہشت گردی سے متعلق مغربی بیانیوں کو نوآبادیاتی اثرات سے پاک کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ بیانیے پاکستان کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیے گئے ہیں۔ آرمز کنٹرول اینڈ ڈس آرمامنٹ سینٹر کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ جیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے فورینزک شفافیت کی وکالت کرنی چاہیے تاکہ ان بیانیوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا مبینہ ’نیو نارمل‘ غیر قانونی، غیر حقیقی، اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف ہے۔ پاکستان کو دنیا کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ جنوبی ایشیا کسی بھی جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ’’کویڈ پرو کوو پلس‘‘ ردعمل نیا معمول (نیو نارمل) ہے۔