جنگ ستمبر1965ء کے ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید (نشانِ حیدر)کا 60واں یومِ شہادت آج منایا جا رہا ہے۔
قوم آج سے 60 سال قبل لاہور میں برکی کے محاذ پر بطور کمپنی کمانڈر جام شہادت نوش کرنے والے عزیز بھٹی کا یوم شہادت منارہی ہے۔
میجر راجہ عزیز بھٹی نے پانچ دن (6 تا 10ستمبر) تک دشمن کے متعدد حملوں کو کامیابی سے پسپا کیا۔
میجر راجہ عزیز بھٹی جنگ کے دوران لاہور کے قریب بی آر بی نہر کے کنارے سے دشمن کی حرکات و سکنات کا جائزہ لے رہے تھے کہ اس دوران دشمن کے ایک ٹینک کا گولہ براہِ راست آلگا جس سے آپ نے موقع پر جامِ شہادت نوش کیا۔
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی لازوال قربانی کی بدولت دشمن لاہور کی جانب پیش قدمی نہ کر سکا۔
شہید میجر راجہ عزیز بھٹی کے 60ویں یوم شہادت کے حوالے سے بری فوج کے ترجمان آئی ایس پی آر کی جانب سے خصوصی بیان جاری کیا گیا ہے جس میں فیلڈ مارشل، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول اور ایئرچیف کی جانب سے عزیز بھٹی شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج میجر راجہ عزیز بھٹی کی لازوال بہادری اور قربانی کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں۔
1965ء کی جنگ میں میجر راجہ عزیز بھٹی نے لاہور کے قریب برکی سیکٹر کا دفاع کیا، وہ مسلسل پانچ دن دشمن کے بھرپور حملوں کے خلاف آہنی دیوار بنے رہے۔