جلالپور پیروالا میں نجی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں مزید 2 لاشیں نکال لی گئیں۔
جلالپور پیروالا میں 2 روز قبل نجی کشتی ڈوب گئی تھی جس میں 28 افراد سوار تھے۔
ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 19 افراد کو بچالیا تھا اور ڈوبنے والے 5 افراد کی لاشیں نکال لی گئی تھیں۔
ریسکیو کے مطابق کشتی حادثے میں ڈوبنے والے مزید 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
حکام کے مطابق حادثے میں زندہ بچ جانے والے 2 افراد نے درخت پر پناہ لے لی تھی جنہیں اب ریسکیو کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کشتی الٹنے کا واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات پیش آیا تھا، اس کے علاوہ بھی پنجاب میں سیلاب متاثرین کی کشتیاں الٹنے کے واقعات پیش آئے ہیں جس کے بعد بہاولپور میں نجی کشتیاں تحویل میں لے کر سرکاری ریسکیو آپریشن کا حصہ بنانے کے احکامات جاری کیے گئے۔