دبئی(عبدالماجدبھٹی) ذرائع کا کہنا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ پاکستان کے میچوں میں ریفری نہیں ہونگے،گرین شرٹ امارات کیخلاف میچ کھیلے گی ، جبکہ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ مشاورت جاری ہے ، فیصلہ پاکستان کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا ، پاکستانی کپتان کی پریس کانفرنس منسوخ ہوگئی۔ تفصیلات کےمطابق ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم سپر فور مرحلے میں کوالی فائی کرنے کے لئے تیسرا میچ آج بدھ کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی۔ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان امارات کے خلاف میچ کھیلے گا اور تنازع خوش اسلوبی سے حل ہونے کے قریب ہے۔پی سی بی نے یہ نہیں بتایا کہ پاکستانی ٹیم میچ کھیلے گی یا نہیں؟پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان عامر میرکا کہنا ہے کہ ہم نے ایشیا کپ کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا،اس حوالے سے مشاورت جاری ہے اور کل تک حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ فیصلہ پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایشیا کپ میں شرکت کرے گا اور اینڈی پائی کرافٹ پاکستان کے میچوں میں میچ ریفری نہیں ہوں گے۔ان کی جگہ رچی رچرڈسن کو تعینات کیا جائے گا۔منگل کوپی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے اسلام آباد میں اہم حکومتی شخصیات سے ملاقات کے بعد پی سی بی حکام سے میٹنگ کی۔تاہم پاکستان میچ کھیلے گی یا ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگی اس بارے میں خاموشی ہے۔تاہم ایک راستہ یہ نکالا جاسکتا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ کو پاکستان کے میچوں سے ہٹایا جائے ۔محسن نقوی ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین بھی ہیں ،نے دستبرداری کے بعد کی صورتحال جاننے کے لئے قانونی آپشن کا بھی جائزہ لیا ہے۔ پاکستانی ٹیم نے دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں تین گھنٹے پریکٹس کی۔ہیڈ کوچ مائیک ہیسن پریکٹس مکمل ہونے سے قبل بیگ اٹھا کر ہوٹل روانہ ہوگئے۔جس وقت پاکستانی ٹیم پریکٹس کررہی تھی قریب ہی دوسرے گراونڈ میں بھارتی کھلاڑی بھی پریکٹس کررہے تھے لیکن دونوں ٹیموں کے درمیان دوریاں ختم نہ ہوسکیں ۔