• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنمنٹ منیبہ پرائمری اسکول پھر نہاری ہاؤس کو دینے کی تیاری

کراچی( اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بی ایریا میں قائم سرکاری اسکول گورنمنٹ منیبہ پرائمری اسکول کو ایک بار پھر نہاری ہاؤس کے حوالے کرنے کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ اسکول کی عمارت کی خستہ حالی کا بہانہ کرکے فرضی درخواست اہل محلہ کے نام سے ایس پی گلبرگ کو دی گئی تھی جبکہ 25 جولائی کو محکمہ تعلیم سندھ نے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پرائمری سے جاوید میاں کی اسکول خالی کرنے کی درخواست پر کمنٹس مانگے۔ خط محکمہ تعلیم کے سیکشن افسر نے اس وقت کے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پرائمری حافظ معین کو لکھا۔ 21 اگست کو ڈائریکٹر اسکولز پرائمری نے معاملے پر ڈی ڈی او اور ٹی ای او سے کمنٹس طلب کیے۔ اطلاعات کے مطابق اسکول خالی کرانے کے لیے عمارت میں ایک بار پولیس بھی آچکی ہے۔ ذرئع کے مطابق اسکول 1972 میں قومیا لیا گیا تھا لیکن سابق وزیر تعلیم پیر مظہر الحق کے دور میں کاغذات بنا کر اسکول کی عمارت کو جاوید میاں کی ملکیت ظاہر کردیا گیا تھا۔ ڈی اوپرائمری اسکول وسطی منظور چوہان نے بتایا کہ سابق ڈائریکٹر اسکول پچھلی تاریخوں میں اسکول خالی کرنے کا خط دیئے گئے تھے لیکن مجھے یہ پتا ہے کہ یہ اسکول کے مالک نہیں ہیں اور معاملات عدالت میں ہیں اس لیے اسکول خالی نہیں کیا۔ نئے ڈائریکٹر اسکولز بشیر عباسی نے کہا کہ اسکول کی عمارت خالی کرانے کا ارادہ نہیں ہے کیونکہ اس کی ملکیت کا پرانا تنازعہ ہے جب کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے ایسے خطوط روٹین کی کارروائی ہے۔
اہم خبریں سے مزید