کراچی( سید محمد عسکری) سندھ میں وائس چانسلرز کی تلاش کے لیے قائم "تلاش کمیٹی" نے صوبے کی دو سرکاری جامعات شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپور اور ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کے عہدوں کے لیے تین تین امیدواروں کا انتخاب کرلیا ہے۔ شیخ ایاز یونیورسٹی شکار پور کے وائس چانسلر کے لیے ڈاکٹر میر محمد شاہ، ڈاکٹر نیاز احمد بھٹو اور ڈاکٹر نوید احمد شیخ کے ناموں کا انتخاب کیا گیا ہے جب کہ ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے جن تین ناموں کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں ڈاکٹر اسماعیل کنبھر، ڈاکٹر جان محمد مری، اور ڈاکٹر الطاف سیال شامل ہیں۔ محکمہ بورڈز و جامعات نے ملک کی دو معتبر اداروں آئی ایس آئی اور آئی بی سے سیکورٹی کلیئرنس حاصل کرنے کے لیے دونوں جامعات کے امیدواروں کے نام محکمہ داخلہ کو ارسال کردیئے ہیں۔ ادھر جامعہ سندھ کے وائس چانسلرز کے تینوں امیدواروں کی سیکورٹی کلیئرنس مثبت آنے کے باوجود سمری وزیر اعلیٰ ہاوس میں پڑی ہے اور تاحال جامعہ سندھ کے وائس چانسلر کا تقرر نہیں ہوسکا ہے جامعہ سندھ کے وی سی کے عہدے کے لیے ڈاکٹر فتح محمد مری 74.40 نمبر حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے تھے، ڈاکٹر خلیل الرحمان کمباٹی63.20 نمبر حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے جب کہ ڈاکٹر طارق رحیم سومرو نے 63.00 نمبر حاصل کیے تھے۔