کراچی( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ہر ضرورت کے وقت ان کے ساتھ کھڑی ہے، حکومت کے تمام ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرین کی مدد میں دن رات مصروف ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ جانیں اور املاک محفوظ بنائی جا سکیں۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے، ریلیف آپریشن کے دوران متاثرین کو نہ صرف محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے بلکہ ان کے کھانے، پینے، علاج معالجے اور جانوروں کی دیکھ بھال کا بھی مکمل بندوبست کیا جا رہا ہے۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گڈو اور سکھر پر اونچے درجے کا جبکہ کوٹری پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3,522 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، یوں اب تک محفوظ مقام پر منتقل ہونے والوں کی کل تعداد 1,73,027 ہو گئی ہے۔