• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیل ملز سے لوہا چوری میں ملوث 65 ملزمان گرفتار، 6 پولیس اہلکار شامل

کراچی( ثاقب صغیر )پاکستان اسٹیل ملز سے گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران لوہا ،تانبہ ،اسٹیل،پیتل اور دیگر قیمتی سامان چوری کرنے میں ملوث 6 پولیس اہلکاروں سمیت 65ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پاکستان اسٹیل ملز سے پروڈکشن بند ہونے کے باوجود گذشتہ کئی برس سے مل سے لوہا ،تانبا ،کاپر اور دیگر سامان چوری ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔منظم طور پر کئی گئی وارداتوں میں بھاری مالیت کا سامان اب تک چوری کیا جا چکا ہے۔بن قاسم پولیس کے مطابق اگست سے اب تک اسٹیل مل سے لوہا ،تانبہ،پیتل ،اسٹیل ، اور دیگر قیمتی مشینری و سامان چوری کرنے میں ملوث 65 ملزمان کو گرفتار کر کے 20 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔گرفتار ملزمان میں 6 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق ان کارروائیوں میں 4 ہزار کلو گرام لوہا ،اسٹیل ،تانبہ اور پیتل ملزمان سے برآمد کیا گیا ہے۔ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیر زادہ کے مطابق اسٹیل مل ہمارا قیمتی اثاثہ ہے اور وہاں سے کسی بھی چیز کی چوری کے حوالے سے پولیس کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔انہوں نے بتایا کہ نشے کے عادی افراد سمیت منظم گروہ ان وارداتوں میں ملوث ہیں جن کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان وارداتوں میں پولیس کے اندر موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا ہے اور 6 پولیس اہلکاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید