اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد بار کونسل نے ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روکنے کے معاملے پر آج بدھ کو ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ اسلام آباد بار کونسل کی ممبر علیم عباسی نے کہا کہ یہ فیصلے دباؤ اور ٹیلی فون پر کئے جا رہے ہیں۔ اگر آج یہ سلسلہ شروع ہو گیا تو کل ہر جج دوسرے کو کام سے روکنے لگے گا۔ سپریم کورٹ معاملے کا از خود نوٹس لے اور جسٹس طارق جہانگیری کو کام سے روکنے کا حکم معطل کرے۔ گذشتہ شام اسلام آباد بار کونسل نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصلے کو بدنیتی پر اور اس دن کو عدلیہ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا ہے۔ بار کونسل کے رکن علیم عباسی ایڈووکیٹ نے کہا کہ کبھی نہیں ہوا کہ ایک جج ساتھی جج کو کام سے روک دے۔