کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاک چائنا انسٹیٹیوٹ ،مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے امریکہ کو تقریباً دو ٹریلین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی، جسے انہوں نے”پروٹیکشن منی“قرار دیا، جیسا کہ مافیا کو دی جاتی ہے،سابق سفیر، ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ وہ دوحہ ڈیکلریشن سے ہرگز مطمئن نہیں ہیں،جب مسلم دنیا کے پاس بے پناہ مالی وسائل، تیل، اور اسلحہ موجود ہے تو اس کا استعمال کیوں نہیں کیا جا رہا؟،اٹلی سے پیٹرن سیو غزہ، مشتاق احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو ریاستی حل کی موجودہ شکل محض ایک فریب ہے،دو ریاستی حل قائداعظم محمد علی جناح کی فلسطین پالیسی سے انحراف ہے، کیونکہ بانی پاکستان نے ہمیشہ مظلوم فلسطینی قوم کی غیر مشروط حمایت کی۔چیئرمین پاک چائنا انسٹیٹیوٹ ،مشاہد حسین سید نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے قطر پر حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت اقدام ہے، جس سے ایک نادر موقع ضائع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے قطر پر حملہ کر کے ایک”ریڈ لائن“ عبور کی ہے۔ اس سے قبل بھی اسرائیل کی جانب سے لبنان، یمن اور ایران پر مسلسل جارحانہ کارروائیاں جاری رہی ہیں، جب کہ غزہ میں انسانی جانوں کا قتل عام کسی طور پر بھی ناقابل قبول ہے۔مشاہد حسین نے پیش کی جانے والی قرارداد کو شرمناک قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل کی مسلسل جارحیت کے باوجود بین الاقوامی برادری کی جانب سے محض ایک رسمی اور کمزور مذمتی قرارداد ہی پیش کی گئی، جو مسئلہ فلسطین پر عالمی سنجیدگی کے فقدان کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کی قیادت میں نہ صرف جرأت کی کمی ہے بلکہ وہ شدید خوف کا شکار ہے۔