کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں 13 لاکھ ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے،تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں گندم کے ذخائر اور فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے پاس فروری کے اختتام تک کے لیے وافر ذخائر موجود ہیں جبکہ نئی گندم کی فصل مارچ میں دستیاب ہوگی۔انہوں نے یہ بات منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک جبار خان، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری وزیراعلیٰ عبد الرحیم شیخ، سیکریٹری زراعت زمان ناریجو اور دیگر اہم حکام شریک تھے۔ صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو اور وزیر زراعت محمد بخش مہر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت سندھ کے پاس 13 لاکھ ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے۔ وزیراعلیٰ کے سوال پر بتایا گیا کہ سندھ اور بلوچستان کے لیے مشترکہ طور پر ماہانہ گندم کی ضرورت 4 لاکھ ٹن ہے جبکہ عام مارکیٹ میں مزید 6 لاکھ ٹن گندم دستیاب ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ نے منگل کو ایک اوراجلاس میںکچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کچے کے ڈاکوؤں کا خاتمہ کسی صورت قابلِ مذاکرات نہیں، یہ ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔