ٹوکیو(عرفان صدیقی) جعلی فٹبال ٹیم کے ذریعے انسانی اسمگلنگ کا انکشاف، جاپان نے 22 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کردیاگوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں انسانی اسمگلنگ کا ایک بڑا اسکینڈل بے نقاب ہوگیا ہے، جس نے نہ صرف پاکستان کے امیگریشن سسٹم بلکہ کھیلوں کے شعبے پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق انسانی اسمگلرز نے زمینی راستوں پر سختی کے بعد ایک نیا طریقہ واردات اپنایا اور جعلی فٹبال ٹیم کے ذریعے پاکستانیوں کو بیرونِ ملک بھیجنے کا منصوبہ بنایا۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ سے 22 افراد پر مشتمل ایک جعلی فٹبال ٹیم جاپان روانہ ہوئی۔ دستاویزات کے مطابق یہ کھلاڑی جاپان کے ایک کلب کے ساتھ میچ کھیلنے جا رہے تھے، تاہم جاپانی حکام نے باریک بینی سے جانچ کے بعد ان کے کاغذات کو جعلی قرار دے کر تمام افراد کو گرفتار کر لیا اور بعدازاں پاکستان ڈی پورٹ کر دیا۔ تحقیقات کے دوران ایف آئی اے نے اسکینڈل میں ملوث مرکزی ملزم ملک وقاص کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق ملزم نے “گولڈن فٹبال ٹرائل کلب” کے نام سے ایک جعلی کلب رجسٹرڈ کرایا تھا اور 22 افراد سے فی کس 40 لاکھ روپے وصول کیے۔ اس طرح ملزم نے مجموعی طور پر کروڑوں روپے ہتھیائے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم نے نہ صرف کھلاڑیوں کو باقاعدہ ٹریننگ دلوائی تاکہ وہ اصل فٹبالرز نظر آئیں بلکہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ساتھ جعلی رجسٹریشن کے کاغذات بھی تیار کیے۔ مزید برآں، ملزم نے وزارتِ خارجہ کے جعلی دستاویزات تک بنا ڈالے تاکہ اسکیم کو حقیقت کا رنگ دیا جا سکے۔