راولپنڈی(ایجنسیاں)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے اندر منافق لوگ موجود ہیں‘ہمارے کچھ لوگ کہتے ہیں علی امین ملا ہوا ہے‘بیانیہ ساز لوگ جماعت کو کمزور کررہے ہیں‘میں لوگوں کے بچے نہیں مروا سکتا‘بانی پی ٹی آئی کو باہر لانے کے لیے جتنی کوشش میں نے کی کسی نے نہیں کی‘کیا ریاست سے کوئی لڑ سکتا ہے؟ جھوٹے الزامات اور سیاسی پروپیگنڈا ہمارے نقصان کا سبب ہے۔ منگل کو راولپنڈی میں داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کے دوران علی امین گنڈاپور کا کہناتھاکہ پارٹی میں مختلف گروہ ہیں جو میں نے نہیں بنائے۔ کبھی کوئی سازش کی نہ کسی کی ٹانگ کھینچی ۔ پارٹی میں اندرونی تقسیم کی وجہ سے ملاقاتیں روکی جارہی ہیں‘ جھوٹے الزامات، سیاسی پروپیگنڈا ہمارے نقصان کا سبب ہے‘ 27 تاریخ کو کے پی میں بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں ، بعض افراد ایجنڈا چلا رہے ہیں ان کو خبردار کررہا ہوں کہ آپ پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔