اسلام آباد (نیوزرپورٹر)وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ملاقات ‘وزیراعظم نےدوحاپر اسرائیل کے حملے کو قطر کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قانون کی سنگین پامالی قرار دیا ۔علاوہ ازیں شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے مابین ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر دوطرفہ ملاقات ہوئی‘دونوں رہنماؤں نے قطر کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں امت کی صفوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے قطر پر اسرائیل کے حالیہ حملے کے بعد دوحہ میں بلائے گئے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے مشرق وسطی میں اسرائیل کی جارحیت کو فوری طور پر روکنے اور مسلم امہ کے اتحاد پر زور دیا۔