کراچی (نیوز ڈیسک) برازیل نے ڈینگی وائرس کے پھیلائو پر قابو پانے کیلئے دو بڑے منصوبے شروع کیے ہیں جن میں ایک مقامی طور پر تیار کی گئی ویکسین اور دوسرا خاص قسم کی مچھروں کی افزائش شامل ہے جنہیں Wolbachia نامی بیکٹیریا سے متاثر کیا گیا ہے تاکہ یہ انسانوں میں ڈینگی نہ پھیلا سکیں۔ نیچر میگزین کی رپورٹ کے مطابق، صرف 2024ء میں برازیل میں ڈینگی کے 6.6؍ ملین ممکنہ کیسز اور 6300؍ سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں، جس کے بعد حکومت نے ایک بایو فیکٹری قائم کی ہے، جہاں ہفتہ وار تقریباً 100؍ ملین متاثرہ مچھروں کے انڈے تیار کیے جائیں گے تاکہ عام مچھروں کی جگہ یہ پھیل سکیں اور وائرس کی منتقلی کم ہو۔ دوسری جانب سائو پائولو کے بوٹانٹن انسٹی ٹیوٹ نے ایک ویکسین تیار کی ہے جو ڈینگی کے چاروں اقسام کے خلاف موثر ہے اور جسے 2026ء تک عوام کیلئے پیش کرنے کا منصوبہ ہے۔ ابتدائی آزمائشوں میں یہ ویکسین اُن افراد میں جنہیں پہلے ڈینگی کا سامنا رہا تھا 89؍ فیصد تک اور نئے افراد میں تقریباً 74؍ فیصد موثر ثابت ہوئی۔