کراچی (اسد ابن حسن) 55لاکھ ماہانہ کمانے والا برطانوی کپتان کھانا چراتے ہوئے پکڑا گیا ،برطانوی ایوی ایشن سرکلز میں آج کل ایک حیرت انگیز واقعے کا ذکر زور شور سے جاری ہے۔ چند روز قبل برطانیہ کا ایک سینئر کپتان جو 20برس تک پروازیں آپریٹ کرتا رہا اور اس وقت A380جہاز کے نئے کپتانوں کو ٹریننگ دیتا ہے اور جس کی ماہانہ تنخواہ 55 لاکھ روپے ہے۔کیونکہ اس کی تعیناتی ہیڈ کوارٹر میں ہے، لہذا لنچ کے وقت وہ کیفے ٹیریا میں لنچ لے کر بغیر پیسے ادا کیے چلا جاتا ہے۔ اس حوالے سے اس کی سی سی ٹی وی ویڈیو فوٹیج برٹش ایئرویز کی انتظامیہ کو ارسال کی گئی۔ انتظامیہ کو یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ وہ متعدد بار ایسا کر چکا ہے۔ مگر حیرت انگیز طور پر انتظامیہ نے اس کو بلا کر صرف وارننگ دی جبکہ اگر یہی جرم کیبن کریو کرتا تو اس کو نوکری سے فارغ کر دیا جاتا۔ اس واقعے کا انکشاف برطانیہ کے موقر جریدے "دی سن" نے کیا ہے۔