بھارت میں ایک ماہ قبل لاپتہ ہونے والی اسکول طالبہ کی مسخ شدہ بوری بند لاش ملی ہے، جسے استاد نے زیادتی کے بعد اغواء کرکے قتل کردیا۔
بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ضلع بیربھوم میں ایک اسکول کی طالبہ تقریباً ایک ماہ سے لاپتہ تھی، اس کی مسخ شدہ لاش ایک بوری سے برآمد ہوئی ہے، طالبہ کے قتل کے الزام میں اس کے اسکول ٹیچر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق 22 اگست کی صبح طالبہ اسکول گئی تھی لیکن واپس نہیں آئی، کئی دنوں تک بڑے پیمانے پر تلاش کے باوجود اس کا سراغ نہیں ملا، منگل کی شب کالی ڈانگا گاؤں کے ایک سنسان علاقے میں ایک بوری ملی جس میں مقتولہ کی مسخ شدہ لاش موجود تھی۔
طالبہ کے والدین نے الزام لگایا کہ مذکورہ استاد کئی بار بچی کے ساتھ نازیبا حرکات کرتا رہا تھا، بچی نے اس بارے میں اپنی والدہ کو بھی بتایا تھا۔
والدین کی شکایت اور شبہ کی بنیاد پر پولیس نے استاد کو حراست میں لیا، جس نے طویل پوچھ گچھ کے بعد بچی کو اغوا اور قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔
پولیس کے مطابق اس بات کی بھی تحقیقات ہو رہی ہیں کہ آیا قتل سے قبل طالبہ کے ساتھ زیادتی کی گئی تھی، لاش کو فارنزک معائنے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔