کراچی( ثاقب صغیر ) سندھ میں رواں برس کاروکاری قرار دے کر 142افراد کو قتل کر دیا گیا،قتل ہونے والوں میں 105خواتین شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں سال 2025 میں کاروکاری کے 124 کیسز میں 142 افراد کو قتل کیا گیا ہے۔قتل ہونے والوں میں 105 خواتین اور 37مرد شامل ہیں۔کاروکاری قرار دے کر قتل کرنے والے ملزمان میں 74ملزمان مقتولین کے شوہر،والد ،والدہ بھائی، بیٹے ، بیٹی اور بہنیں ہیں ، 46 دیگر رشتہ دار اور 7پڑوسی ، دوست اور دیگر ملزمان شامل ہیں۔پولیس کے مطابق رواں برس کاروکاری کے واقعات میں ملوث ملزمان میں 38 مقتولین کے شوہر، 6 مقتولین کے باپ، 24مقتولین کے بھائی، 3 مقتولین کے بیٹے، بہن اور ماں اور 3مقتولین کی بیٹیاں شامل ہیں جنہوں نے مقتولین کو قتل کیا ۔ کاروکاری قرار دے کر قتل کرنے کے واقعات میں مختلف اقسام کے ہتھیار استعمال کیے گئے جن میں 6 کلاشنکوف/ اسٹین گن ، 16 شارٹ گن، 2رائفل ، 50ریوالور /پستول ، 6چھری /خنجر جبکہ 30دیگر اقسام کے ہتھیار شامل ہیں۔ کاروکاری قرار دے کر سب سے زیادہ افراد کو لاڑکانہ رینج میں قتل کیا گیا ۔واضح رہے کہ سال 2024میں اس مدت میں سندھ بھر میں کاروکاری کے 86 کیسز میں 79 خواتین سمیت 99 افراد کو قتل کیا گیا تھا۔