• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی صارفین سے فی یونٹ 0.1911 روپے اضافی وصولی کیلئے درخواست

اسلام آباد( اسرار خان ) ملک بھر کے بجلی صارفین کو اکتوبر میں زیادہ بل ادا کرنے پڑ سکتے ہیں کیونکہ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے صارفین سے فی یونٹ 0.1911 روپے اضافی وصول کرنے کی منظوری مانگ لی ہے۔یہ مطالبہ ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) برائے اگست 2025 کے تحت کیا گیا ہے۔ نیپرا نے اس حوالے سے 29 ستمبر کو عوامی سماعت کا شیڈول جاری کیا ہے۔اپنی درخواست میں، جو ایکس واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) اور کے-الیکٹرک کی جانب سے دائر کی گئی، سی پی پی اے-جی نے کہا کہ اگست کے لیے ریفرنس فیول چارجز 7.3149 روپے فی یونٹ تھے، جبکہ بجلی پیدا کرنے کی اصل لاگت اوسطاً 7.5059 روپے فی یونٹ رہی۔ یہ فرق صارفین سے ایف سی اے میکانزم کے ذریعے وصول کرنا ضروری ہے۔وفاقی پالیسی ہدایات کے مطابق، ایکس واپڈا ڈسکوز کے لیے لاگو ہونے والا ایف سی اے، کے-الیکٹرک صارفین پر بھی لاگو ہوگا تاکہ تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں یکسانیت برقرار رکھی جا سکے۔سی پی پی اے-جی کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق، اگست میں کل بجلی پیداوار 14,218گیگا واٹ آوررہی، جس پر 103.4 ارب روپے لاگت آئی، یعنی اوسطاً 7.27 روپے فی یونٹ۔ ٹرانسمیشن نقصانات، آئی پی پیز کی فروخت اور سابقہ ایڈجسٹمنٹس کے بعد ڈسکوز کو 13,715 GWh بجلی 7.51 روپے فی یونٹ کے حساب سے فراہم کی گئی، جس کی وجہ سے 0.1911 روپے فی یونٹ اضافی وصولی کی درخواست کی گئی۔توانائی کے ذرائع کے مطابق پیدا شدہ توانائی میں سب سے زیادہ حصہ پن بجلی کا رہا، جس نے 5,517 GWh (کل پیداوار کا تقریباً 39 فیصد) بغیر کسی فیول لاگت کے فراہم کیا۔ایٹمی پلانٹس نے 2,145 GWh (15 فیصد) بجلی فراہم کی، جس کی لاگت صرف 2.19 روپے فی یونٹ رہی۔آر ایل این جی پلانٹس نے 2,180 GWh (15.3 فیصد) بجلی پیدا کی، جس کی قیمت 21.73روپے فی یونٹ رہی۔کوئلے سے پیداوار کا حصہ 18 فیصد رہا: مقامی کوئلہ 12.01روپے فی یونٹ جبکہ درآمدی کوئلہ 14.07 روپے فی یونٹ پڑا۔مقامی گیس نے 7.3 فیصد بجلی 13.43روپے فی یونٹ لاگت سے پیدا کی۔ مہنگا آر ایف او (ریذیڈیول فیول آئل) صرف 1 فیصد سے کم استعمال ہوا، جس کی لاگت 33.01 روپے فی یونٹ رہی۔ایران سے درآمد کی گئی بجلی محض 78 GWh تھی لیکن اس کی لاگت سب سے زیادہ، یعنی 41.09 روپے فی یونٹ رہی۔

اہم خبریں سے مزید