• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے بیراجوں پر سیلابی صورتحال درمیانے درجے میں تبدیل ہونا شروع

سکھر (بیورو رپورٹ، سید محمد عارف) دریائے سندھ کے بیراجوں پر اونچے درجے کی سیلابی صورتحال بتدریج درمیانے درجے میں تبدیل ہونا شروع ہوگئی۔ 24گھنٹے میں گڈو بیراج پر 50ہزار کیوسک سے زائد پانی کم ہوا ہے۔ یہاں سیلابی صورتحال آج جمعرات کی دوپہر یا شام تک اونچے سے تبدیل ہوکر درمیانے درجے پر آجائے گی۔ سکھر بیراج پر فی الحال اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے البتہ سیلابی ریلا بلند ترین سطح 571800 کیوسک سے کم ہونا شروع ہوگیا ہے۔ گڈو بیراج پر سات دن اور سکھر بیراج پر تین دن سے اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ کچے کا وسیع رقبہ زیر آب آگیا ہے، لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں، سیکڑوں دیہات، اسکولز ودیگر عمارتیں پانی کی لپیٹ میں ہے، حکومت و انتظامیہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں، مال و مویشیوں کی نقل مکانی میں مصروف عمل ہے۔ 24 گھنٹے کے دوران چاچڑاں شریف گیج پر سطح آب 10.4 سے کم ہوکر 9.5 پر آگئی ہے۔ گڈوبیراج پر بھی 50ہزار کیوسک سے زائد پانی کم ہوا ہے۔ بدھ کی شام 6بجے کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 551851، اخراج 523842کیوسک، سکھر بیراج پر پانی کی آمد 569890، اخراج 518120 جبکہ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 304388، اخراج 289098کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ اعداد و شمار کے اعتبار سے اس وقت گڈو و سکھر بیراج پر اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے تاہم پنجند، چاچڑاں اور گڈو بیراج پر جس تیزی سے پانی کی سطح کم ہورہی ہے، اس حساب سے جمعرات (آج) کی صبح یا دوپہر تک یہاں اونچے درجے کا سیلاب درمیانے درجے میں تبدیل ہوجائے گا ۔

اہم خبریں سے مزید