کراچی( سید محمد عسکری) دریائے سندھ کے کنارے پر پہاڑوں سے گھری خوبصورت اور سرسبز وادی اسکردو کی جامعہ میں طویل عرصے بعد مستقل وائس چانسلر کی راہ ہموار ہوگئی ہے اور یونیورسٹی کی سینٹ نے وائس چانسلر کے عہدے کے تین امیدواروں کا انتخاب کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسکردو میں واقع بلتستان یونیورسٹی کی سنیٹ نے تلاش کمیٹی کی جانب سے بھیجے گئے پانچ ناموں میں تین ناموں کا انتخاب کرلیا ہے۔ سینٹ کے ایک رکن جنگ/ دی نیوز کو بتایا کہ سابق آئی جی سندھ افضل شگری کی زیر صدارت ہونے والے سینٹ کے اجلاس میں واضح اکثریت پانچ ناموں میں سے ڈاکٹر محمد علی شاہ کو پہلے نمبر پر رکھنا چاہتی تھی تاہم تلاش کمیٹی کے قیام اور اجلاس میں غیر معمولی تاخیر کے باعث ڈاکٹر محمد علی شاہ نے معذرت کرلی کیونکہ اس دوران وہ ملک کی سب سے بڑی یونیورسٹی “جامعہ پنجاب” کے وائس چانسلر مقرر ہوچکے تھے جس کے بعد ڈاکٹر ساجد رشید کو پہلے ڈاکٹر مسعود اختر کو دوسرے اور ڈاکٹر محمد نعیم خان کو تیسرے نمبر پر رکھنے کی منظوری دی گئی۔ یہ تین نام حتمی منظوری کے لیے صدر مملکت کو ارسال کردیئے گئے ہیں۔