کراچی(اسٹاف رپورٹر) نارتھ ناظم آباد متین فوڈ شاپ کی دکان پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ،فائرنگ کے بعد فوڈ شاپ کے آن لائن ڈیلوری واٹس ایپ نمبر پر بھتہ کا میسیج موصول ہوا ،تفصیلات کے مطابق تیموریہ تھانہ کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک M میں واقع متین فوڈ پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے،فائرنگ کی اطلاع پر ایس پی گلبرگ، ایس ڈی پی او شادمان اور ایس ایچ او تھانہ تیموریہ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹا کرنے کے لئے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا ، پولیس نے موقع سے CCTV فوٹیج اور دیگر شواہد اکٹھا کئے،پولیس کاکہنا ہےکہ فائرنگ زیرِ تعمیر سڑک کی دوسری جانب سے متین فوڈ کے بورڈ پر کی گئی جبکہ فائرنگ کے بعد متین فوڈ کے آن لائن ڈلیوری واٹس ایپ نمبر پر بھتے کا میسیج موصول ہوا ،پولیس کاکہنا ہےکہ اس سے قبل کبھی کوئی میسیج یا فون نہیں آیا۔