کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت دی کہ خوراک، زراعت اور خزانہ محکموں کے مشترکہ اجلاس میں کاشتکاروں کے لیے جامع مراعاتی منصوبہ پیش کیا جائے۔ یہ وقت کسانوں کا ساتھ دینے کا ہے۔ گندم کی کاشت میں اضافہ ہی ہمارے عوام کے لیے خوراک کی فراہمی کی ضمانت ہے۔یہ ہدایت انھوں نے جمعرات کو زراعت، خوراک اور خزانہ محکموں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی، وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت کے مطابق فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔24-2023 میں سندھ میں 4.592 ملین میٹرک ٹن گندم پیدا ہوئی تھی، تاہم اس سال امدادی قیمت نہ ہونے کے باعث پیداوار کم ہو کر 3.542 ملین میٹرک ٹن رہ گئی۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں اس سال 35 لاکھ 42 ہزار 510ٹن گندم حاصل کی گئی، جس کی اوسط پیداوار فی ایکڑ 28.70 من رہی۔مراد علی شاہ نے خبردار کیا کہ ایسی صورتحال خوراک کی فراہمی کے بحران کو جنم دے سکتی ہے۔