اسلام آباد ( عرفان صدیقی)وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہندو برادری کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے اور یہ کمیونٹی انتہائی خوشحال اور باعزت زندگی گزار رہی ہے۔خاص طور پر سندھ میں کپاس، چاول اور دالوں کے ساٹھ فیصد سے زائد کاروبار ہندو برادری کے پاس ہے، جو ملک کی معیشت میں ان کے کلیدی کردار کی عکاسی کرتا ہے۔روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری ہمیشہ ملک کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ پاک بھارت جنگ کے دوران سو فیصد ہندو کمیونٹی نے پاک فوج کا ساتھ دیا اور اپنی مادرِ وطن کے دفاع میں پیش پیش رہی۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائدنواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف ہندو برادری سے محبت کرتے ہیں اور ان کی تقریبات میں شریک ہو کر انہیں بھرپور اعتماد دیتے ہیں۔کھیل داس کوہستانی نے بھارت کو مذہبی دہشت گردی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پاک بھارت جنگ میں بھارتی فورسز نے پاکستانی مساجد اور مدرسوں پر حملے کیے اور معصوم شہریوں کو شہید کیا۔