برطانیہ کے شہر کونٹری میں ایک تاریخی لمحہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب پاکستانی نژاد کشمیری رہنما، ممتاز سماجی شخصیت اور کونٹری سٹی کونسل کے ڈپٹی لیڈر کونسلر عبدالسلام کو شاندار ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز اس بات کا اعتراف ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کے 15 قیمتی سال ناصرف مقامی کمیونٹی بلکہ انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر دیے۔
کونسلر عبدالسلام گزشتہ 15 برسوں سے لگا تار کونسلر منتخب ہوتے آ رہے ہیں، اس دوران وہ ہر مرتبہ کونٹری سٹی کونسل کے ڈپٹی لیڈر کے طور پر کمیونٹی کی نمائندگی کر کے انتھک محنت اور خدمات کا لوہا منواتے رہے، ان کی کامیابی کی اصل وجہ عوام سے گہرا رابطہ، ہر طبقے کی بلا امتیاز خدمت اور مسائل کو حل کرنے کی عملی جدوجہد ہے۔
لوگوں میں ان کے بارے میں یہ تاثر عام ہے کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں بھی دوسروں کی بھلائی کو ترجیح دیتے ہیں۔
اکثر مثالیں دی جاتی ہیں کہ وہ سونے سے پہلے غریبوں اور ضرورت مندوں کو کھانا کھلا کر اطمینانِ قلب حاصل کرتے ہیں، ان کی یہ روش انہیں کمیونٹی کے ہر فرد کے دل کے قریب لے آئی ہے۔
ایوارڈ تقریب ایک شاندار اور تاریخی ماحول میں منعقد ہوئی جس میں لارڈ میئر، سٹی کونسل کے لیڈر، سی ای او، ججز، پروفیسرز، نامور این جی اوز اور اعلیٰ سرکاری افسران سمیت شہر کی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔
اس موقع پر مقررین نے عبدالسلام کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کونٹری سٹی میں انہیں سب کا آئیڈیل دوست مانا جاتا ہے۔
تقریب کا سب سے دلکش لمحہ اس وقت آیا جب عبدالسلام اپنی پوتی کو گود میں لے کر اسٹیج پر پہنچے اور ایوارڈ وصول کیا، اس موقع پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا اور یہ منظر شرکاء کے دلوں پر نقش ہو گیا۔
یہ اقدام ناصرف ان کی عاجزی و محبت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ وہ خاندانی اقدار اور نئی نسل کی اہمیت پر گہرا یقین رکھتے ہیں، یہ ایوارڈ اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ کونٹری سٹی کونسل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ایشیائی نژاد شخصیت کو یہ اعزاز دیا گیا ہے، اس کامیابی نے جہاں برطانیہ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کا نام فخر سے بلند کیا ہے وہیں کونٹری سٹی کونسل کے وقار کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے، برطانیہ میں ایشیائی کمیونٹی کے لیے یہ سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔
عبدالسلام کے قریبی دوست اور کونسلر پرویز خان نے اس موقع پر جذباتی انداز میں کہاکہ زندگی میں آج کا دن میرے لیے انتہائی خوشی کا باعث ہے، کیونکہ حق دار کو اس کا حق ملا ہے، اگر زندگی گزارنی ہو تو عبدالسلام کی طرح گزارو، جنہوں نے اپنی ذات کو انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کیا اور آج اس کا صلہ ایوارڈ کی صورت میں حاصل کیا۔
دیگر شریک مہمانوں جن میں پروفیسرز، ججز، سرکاری افسران، ڈاکٹرز نے بھی شامل تھے، انہوں نے کہا کہ عبدالسلام کی سادہ مزاجی، نرم دلی اور خدمت کا جذبہ نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے، ان کی شخصیت نے ناصرف کمیونٹی کو متحد رکھا بلکہ مشکل وقتوں میں لوگوں کے حوصلے بلند کیے۔