• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اونٹنی کا جبڑا و پچھلی ٹانگ ٹوٹی، زبان جلی ہوئی ہے: ڈائریکٹر سی ڈی آر ایس بینجی پروجیکٹر

—ویڈیو گریب
—ویڈیو گریب

سکھر میں بہیمانہ تشدد سے زخمی ہونے والی اونٹنی سی ڈی آر ایس بینجی پروجیکٹ کے انیمل شیلٹر میں زیرِ علاج ہے۔

ڈائریکٹر سی ڈی آر ایس بینجی پروجیکٹ سارہ جہانگیر نے بتایا ہے کہ اونٹنی کاجبڑا ٹوٹا ہوا ہے، ناک سےخون بہہ رہا ہے اور اس کی پچھلی ٹانگ بھی ٹوٹی ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ اونٹنی کچھ کھا نہیں سکتی، اسے ڈرِپ لگائی گئی ہے، اس کی ٹانگ پر پٹی کی جا رہی ہے جبکہ درد کم کرنے کی دوائیں بھی دی گئی ہیں۔

سارہ جہانگیر نے بتایا ہے کہ اونٹنی بہت کمزور ہے جس کا پچھلا پاؤں مکمل طور پر کچلا ہوا ہے، جبڑا ٹوٹا ہوا ہے، زبان جلی ہوئی ہے، اس کی جلد میں کیڑا ٹک بھی پایا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اونٹنی کھانے کے قابل نہیں، فی الحال ڈرِپ پر ہے، ہم اس کے بچنے کی امید اور دعا کر رہے ہیں، زخمی اونٹنی کے خون کے ٹیسٹ بھی کیے جا رہے ہیں، ٹیسٹ سے معلوم ہو گا کہ زخمی ٹانگ کاٹے جانے پر اونٹنی زندہ رہ سکے گی یا نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں با اثر وڈیرے نے مبینہ طور پر اونٹنی کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ کھیت میں گھس کر پانی پینے پر وڈیرے نے مبینہ طور پر اونٹنی کی ٹانگ توڑ دی تھی۔

اونٹنی کے مالک کے مطابق وڈیرے نے غصے میں اونٹنی کو ٹریکٹر سے باندھ کر گھسیٹا اور منہ پر ڈنڈے بھی مارے، زخمی اونٹنی کا علاج کرانے اسپتال پہنچے تو ڈاکٹروں نے علاج کرنے انکار کر دیا تھا۔

واقعے کا وزیرِ اعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے مجرموں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی، ان ہی کے حکم پر زخمی اونٹ کا علاج جاری ہے۔

دوسری جانب پولیس نے سکھر میں اونٹ پر تشدد کرنے اور اس کی ٹانگ کاٹنے کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایس ایس پی سکھر اظہر خان کے مطابق ملزم قربان بروہی اور رسول بخش شیخ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید